گورنر پنجاب اور گورنر گلگت بلتستان کی ملاقات، سیاسی صورتحال اور انتخابی نتائج پر تبادلہ خیال

3

لاہور، 08 جون (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گلگت بلتستان میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال اور گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابی نتائج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گلگت بلتستان سے پاکستان پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پیپلز پارٹی پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اس فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ پیپلز پارٹی آج بھی عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کی علامت ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری گلگت بلتستان کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے جس محبت اور حمایت کا اظہار کیا، اسے پورے پاکستان نے دیکھا۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آزاد امیدوار بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے اور پارٹی انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدوروں، کسانوں اور پسے ہوئے طبقات کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے اور ہمیشہ عوامی خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیرا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ نتائج اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام نے پیپلز پارٹی کی پالیسیوں اور قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعد پنجاب میں بھی پیپلز پارٹی اپنی سیاسی قوت کا بھرپور مظاہرہ کرے گی۔

گورنر پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی ملک بھر میں عوامی خدمت، جمہوری استحکام اور قومی ترقی کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔