9 محرم الحرام: ملتان ڈویژن میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات، تمام ادارے ہائی الرٹ

0

ملتان 25، جون( اے پی پی):کمشنر  عامر کریم خاں اور ریجنل پولیس آفیسر عثمان گوندل نے 9 محرم الحرام کے موقع پر ممتاز آباد کے مرکزی جلوس اور سیف سٹی آفس میں قائم محرم کنٹرول روم کا دورہ کیا۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق اور سی پی او صادق علی ڈوگر نے امن و امان اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ انتظامیہ، پولیس اور دیگر سکیورٹی ادارے مکمل الرٹ ہیں جبکہ محرم الحرام کے تمام جلوس اور مجالس پرامن ماحول میں منعقد ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ سکیورٹی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ماتمی جلوسوں کے منتظمین، امن کمیٹیوں اور علماء کرام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملتان ڈویژن میں 9 محرم الحرام کے موقع پر 344 مجالس اور 156 جلوس منعقد ہو رہے ہیں جن میں اے کیٹگری کی 47 مجالس اور 16 جلوس شامل ہیں۔ تمام اہم جلوسوں اور مجالس کو سیف سٹی کیمروں کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے تاکہ موثر نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔آر پی او عثمان گوندل نے کہا کہ ڈویژن بھر کے حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم کے ذریعے تمام متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔بعد ازاں کمشنر عامر کریم خاں اور آر پی او عثمان گوندل نے سیف سٹی آفس میں امن کمیٹی کے اراکین اور علماء کرام سے ملاقات بھی کی اور محرم الحرام کے دوران امن، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔