ملتان،25 جون (اے پی پی) : پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ملتان نے 9 محرم الحرام کے موقع پر ضلع بھر میں ایمرجنسی کور پلان نافذ کر دیا ہے۔
یوم عاشور کے سلسلے میں ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں کے مطابق ضلع بھر میں 600 ریسکیو اہلکار، 30 ایمبولینسز، 93 موٹر بائیک ایمبولینسز، 15 فائر ٹینڈرز اور 2 خصوصی ایمرجنسی وہیکلز تعینات کیے گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کا کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال ہے اور محرم الحرام کے دوران موصول ہونے والی ہر ایمرجنسی کال پر فوری رسپانس کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بڑی مجالس اور جلوسوں کے راستوں پر موبائل ریسکیو پوسٹس قائم کی گئی ہیں جبکہ اہم امام بارگاہوں پر خصوصی ریسکیو ڈیوٹیاں بھی لگائی گئی ہیں۔
موٹر بائیک ایمبولینس سروس کو حساس اور رش والے مقامات پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ 9 محرم کے مرکزی جلوس ممتاز آباد مین مارکیٹ سمیت دیگر اہم مقامات پر خصوصی ریسکیو پوسٹس اور ایمرجنسی گاڑیاں موجود رہیں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایمرجنسی رسپانس میں کسی قسم کی تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ ریسکیو اسٹیشنوں پر موجود عملہ اور ایمرجنسی وہیکلز بھی مکمل طور پر الرٹ ہیں جبکہ تربیت یافتہ ریسکیو رضاکار محرم الحرام کے دوران امدادی سرگرمیوں میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔











