آزاد کشمیر انتخابات: وزیر مملکت  بلال اظہر کیانی کی جہلم میں مختلف کارنر میٹنگز، ن لیگ کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان

8

جہلم ،21جولائی(اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے ویلی تین کے امیدوار سید شوکت شاہ اور حلقہ ایل اے جموں چھ کے امیدوار راجہ صدیق کی انتخابی مہم کے سلسلے میں بنگلہ اسد آباد، یونین کونسل لدھڑ، شیخوپور، مغل آباد، سوہن اور ڈومیلی میں کارنر میٹنگز اور عوامی ملاقاتوں میں شرکت کی۔

بلال اظہر کیانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام نے ہمیشہ ایک دوسرے کے لیے قربانیاں دی ہیں اور یہ رشتہ آئندہ بھی مضبوط رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ پاکستان اور اہلِ کشمیر نے ہر مشکل وقت میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے، جبکہ کشمیری مہاجرین کی نمائندگی آزاد کشمیر اور پاکستان دونوں کے لیے اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل مکالمے، جمہوری عمل اور پارلیمنٹ کے فورم پر ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں ترقی کے مختلف ادوار میں مسلم لیگ (ن) نے اہم کردار ادا کیا اور عوام کی خدمت کو اپنی ترجیح بنایا۔

دورے کے دوران مختلف علاقوں میں مقامی رہنماؤں، کارکنوں اور عمائدین سے ملاقاتیں بھی ہوئیں، جبکہ متعدد شخصیات اور برادریوں نے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا۔ یونین کونسل لدھڑ اور مغل آباد میں منعقدہ اجلاسوں میں انتخابی حکمت عملی اور مہم کو مزید مؤثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔