صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کا دورہ گجرات،چین کے بڑے سرکاری وفد کا شاہین چوک پر استقبال

4

لاہور21جولائی(اے پی پی) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گجرات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شاہین چوک پر چین کے صوبے حونان کے شہر لاؤڈی کے اعلیٰ سطحی سرکاری وفد کا استقبال کیا۔

صوبائی وزیر نے چین کے وفد کے ہمراہ سرامکس،فینز اور فرنیچر کی فیکٹریوں کا دورہ کیااور مختلف پیداواری مراحل کا مشاہدہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین بھی ہمراہ تھیں۔ صوبائی وزیر نے وفد کے ہمراہ گجرات کے عجائب گھر کا بھی دورہ کیا چین کے وفد کو گجرات کی تاریخ،یہاں کی انڈسٹری اور صنعتی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔

وفد نے گجرات کی صنعتی اور تاریخی حیثیت میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گجرات سرامکس، فین اور فرنیچر سازی میں شہرت رکھتا ہے، گجرات میں ہر قسم کے برانڈز کے پنکھے تیار ہوتے ہیں یہاں کی تیار شدہ مصنوعات یورپ،امریکہ،مشرق وسطی اور دیگر ممالک کو برآمد ہوتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گجرات  میں عالمی معیار کا فرنیچر کالج بنایا جارہا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تاریخ میں  پہلی بار چین کے کسی اعلیٰ سطح کے حکومتی  وفد نے گجرات کا دورہ کیا ہے اور ہم چین کے سرکاری وفد کو گجرات شہر میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چینی وفد کی جانب سے گجرات میں کارخانہ لگائے سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے .

صوبائی وزیر نے کہا کہ چینی کمپنیوں کی پنجاب میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے پاکستان اور چین معاشی تعاون کے نئے دور میں داخل ہوگئے ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین بڑھتا ہوا معاشی تعاون دوستی کے رشتے کو مضبوط سے مضبوط تر کر رہا ہے پنجاب اور چین کے مابین ٹیکنیکل ایجوکیشن سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں حکومت نے گزشتہ اڑھائی سالوں میں عوام کی فلاح کیلئے ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے ہیں جتنا ترقیاتی کام گزشتہ اڑھائی سالوں میں ہوا ہے صوبے کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔چین کے حکومتی وفد نے گجرات میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ساتھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اور دیگر شعبوں میں اشتراک کے خواہاں ہیں۔

اراکین وفد نے کہا کہ گجرات میں عالمی معیار کے فرنیچر اور ٹیکنیکل کالج کے قیام میں معاونت کریں گے،وف کا کہنا تھاکہ پنجاب بالخصوص گجرات کے ساتھ جلد اشتراک کا معاہدہ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ایک سال قبل چین کے دورہ کے موقع پر لاؤڈی میں چین کے اس حکومتی وفد سے ملاقات کی تھی اور  انہیں گجرات کے دورے کی دعوت دی تھی۔