اربن فلڈنگ اور سیلابی صورتحال کا جائزہ اجلاس، تمام متعلقہ محکموں کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ

5

سیالکوٹ ، 29 جولائی (اے پی پی):     سینئر ممبر وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم ثاقب علی عتیل نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد اویس مشتاق کے ہمراہ دفتر ڈپٹی کمشنر میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں اربن فلڈنگ اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے تمام متعلقہ محکموں کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے محکمہ اریگیشن کے زیر انتظام نالوں کی صفائی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ باقاعدہ تعین کیا جائے کہ محکمہ اریگیشن کے زیر انتظام نالوں سے ڈی سلٹیشن کا شیڈیول کیا تھا اور ان نالوں کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کوتاہی کی صورت میں کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس میں واسا، ریسکیو 1122، لائیو سٹاک، محکمہ صحت، بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور اپنے اپنے اداروں کی تیاریوں، دستیاب وسائل اور ہنگامی پلان پر بریفنگ دی۔

سینئر ممبر وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم ثاقب علی عتیل نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے اپنے دستیاب وسائل، مشینری، افرادی قوت اور آلات کے ڈیپلائمنٹ پلان کا ازسرنو جائزہ لے کر اسے مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مربوط کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں خطرناک اور مخدوش عمارتوں کا دوبارہ سروے مکمل کیا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ضروری حفاظتی اقدامات بروقت کئے جائیں۔ انہوں نے محکمہ صحت اور لائیو سٹاک کو ہدایت کی کہ سانپ کے کاٹنے اور کتے کے کاٹنے سے بچاؤ کی ویکسین کی وافر دستیابی یقینی بنائی جائے، جبکہ مویشیوں کے لئے چارے کی فراہمی کے مؤثر انتظامات بھی ہر صورت برقرار رکھے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر محمد اویس مشتاق نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق مون سون اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے، جبکہ ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات اور پیشگی اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔