سکھر: گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں جبڑے کی نایاب رسولی کا کامیاب آپریشن

5

سکھر،29جولائی(اے پی پی) :گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمس) کے سرجنز نے جبڑے کی ہڈی کی انتہائی نایاب رسولی کو کامیاب پیچیدہ سرجری کے ذریعے نکال دیا ہے، گمس ہسپتال کے ترجمان جمیل حیدر کے مطابق ایک 22 سالہ نوجوان جبڑے پر سوجن کے ساتھ  گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمس) میں آیا۔ مریض سندھ کے متعدد اسپتالوں سے علاج کی غرض سے رجوع کر چکا تھا لیکن اسے کہیں سے مناسب علاج نہ مل سکا۔گمس میں تفصیلی معائنے کے بعد بائیوپسی کی گئی جس سے جبڑے کی ہڈی کے انتہائی نایاب ٹیومر کی تصدیق ہوئی۔

کنسلٹنٹ سرجن ڈاکٹر محسن ممتاز کی سربراہی میں سرجیکل ٹیم نے مریض کی جبڑے کے متاثرہ حصے کو نکالنے کا آپریشن کیا اور ری کنسٹرکشن پلیٹ کے ذریعے جبڑے کی کامیاب ترمیم و بحالی مکمل کی جو بلا معاوضہ سر انجام دی گئی۔اسپتال ذرائع کے مطابق مریض کو کامیاب آپریشن کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے  اور اب اس کی حالت مستحکم ہے اور وہ تیزی سے بہتر ہورہی ہے۔

یہ پیچیدہ سرجری گمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کی مسلسل سرپرستی اور رہنمائی میں ممکن ہوئی، جن کی قیادت میں ادارے میں جدید اور پیچیدہ میگزیلو فیشل سرجریز کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ گمس گمبٹ شمالی سندھ میں جدید جراحی کی سہولیات کے ایک اہم مرکز کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے جہاں نہ صرف صوبہ سندھ بلکہ پاکستان کے تمام صوبوں سے آنے والے مریضوں کو علاج کی جدید ترین سہولیات فراہم کی جا ر ہی ہیں۔