اسلام آباد ؛ خاتون کو بچاتے ہوئے شہید ہونے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق کی نمازِ جنازہ ادا، ایئر چیف کی شرکت

8

اسلام آباد ،07جولائی(اے پی پی): اسلام آباد میں ایک خاتون کو مصیبت سے بچاتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کی نماز جنازہ آج ادا کر دی گئی۔ شہید افسر کو ان کی غیر معمولی بہادری، بے لوث عقیدت اور فرض سے وفاداری کے اعتراف میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نشان امتیاز ملٹری، ہلال جرات نے شرکت کی۔ ان کے ہمراہ سینئر افسران، جوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کر کے بہادر افسر کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی عظیم قربانی کو سلام پیش کیا۔

چیف آف دی ایئر اسٹاف نے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی پاکستان ایئر فورس اور پاکستان کی مسلح افواج کی بہترین روایات کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک معصوم شہری کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر کے شہید افسر نے یہ ثابت کیا کہ پاکستان ایئر فورس کے مرد و خواتین نہ صرف ملک کی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں بلکہ اپنے ہم وطنوں کی جان، عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے بھی پوری طرح پرعزم ہیں۔