حکومت جہلم میں پہلی بار جدید ‘کو ورکنگ سپیس’ اور ‘جاب سینٹر’ قائم کرنے جا رہی ہے، بلال اظہر کیانی

3

اسلام آباد،07 جولائی (اے پی پی): وزیر مملکت برائے خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت جہلم میں پہلی بار جدید ‘کو ورکنگ سپیس’ اور ‘جاب سینٹر’ قائم کرنے جا رہی ہے جو نوجوانوں اور سٹارٹ اپس کو روزگار کی فراہمی کا ابتدائی مرکز ثابت ہوگا۔

 منصوبے کے حوالے سے منعقدہ دوسرے اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر مملکت نے حکومتی عزم کو دہراتے ہوئے واضح کیا کہ یہ عالمی طرز کی سہولت ان پروفیشنل نوجوانوں کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی جن کے پاس دفاتر یا آلات کی سہولت نہیں، جبکہ یہ جاب سینٹر ملازمت فراہم کرنے والے اداروں اور باصلاحیت نوجوانوں کے درمیان رابطے کا بنیادی ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے معاونت فراہم کرنے پر ‘کولیب’، الصفہ اور پی ٹی سی سمیت تمام شراکت دار اداروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔