اسلام آباد،23 جولائی(اے پی پی): امریکہ کہ آزادی کا اڑھائی سو سالہ جشن منانے کے لیے لوک ورثہ میں امریکی آزادی کی علامت لبرٹی بیل کی نمائش کی گئی۔ پاکستان میں امریکی سفارت خانے نے لوک ورثہ میوزیم میں “لیٹ فریڈم رنگ” لبرٹی بیل نمائش کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں پاکستان میں امریکہ کے ناظم الامور اینڈی ہیلس اور وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کچھی نے شرکت کی۔
نمائش امریکہ کی آزادی کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کا حصہ ہے، جس کے تحت امریکی مشن پاکستان نے اپنے لنکن کارنرز نیٹ ورک کے ذریعے ملک بھر سے 16 پاکستانی فنکاروں کے تعاون سے لبرٹی بیل کی نقول تیار کروائیں۔ ہر فنکار نے “میرے لیے آزادی کا کیا مطلب ہے؟” کے موضوع پر اپنی تخلیقی سوچ کو فن پارے کی شکل دی۔
یہ نمائش 23 سے 27 جولائی 2026 تک لوک ورثہ میوزیم اور پاکستان مونومنٹ میوزیم میں جاری رہے گی، جہاں عوام ان منفرد فن پاروں کا مشاہدہ کر سکیں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی ناظم الامور اینڈی ہیلس نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ اظہارِ رائے، فن اور بہتر مستقبل کے تصور کی آزادی جیسے مشترکہ اقدار رکھتے ہیں، جبکہ لوک ورثہ نے دہائیوں سے پاکستان کی ثقافتی وراثت کو محفوظ رکھا ہے۔
وفاقی وزیر اورنگزیب خان کچھی نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ فن اور ثقافتی تبادلے پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
“لیٹ فریڈم رنگ” مہم امریکی مشن پاکستان کی سال بھر جاری رہنے والی فریڈم 250 مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد امریکہ کے اعلانِ آزادی کی 250ویں سالگرہ کے موقع پر آزادی، جدت اور بہترین کارکردگی جیسے اقدار کو اجاگر کرنا ہے۔











