اسلام آباد، 23 جولائی)اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے میٹا کے ایک وفد نے وزارتِ تجارت میں ملاقات کی، جس میں پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت، مصنوعی ذہانت، ای کامرس اور ڈیجیٹل تجارت کے فروغ کے لیے باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ایس ایم ایز کی استعداد کار بڑھانے، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور کاروباری شعبے کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے جوڑنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے میٹا کو پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں شراکت داری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ای کامرس اور مصنوعی ذہانت سے متعلق جامع پالیسیوں کو حتمی شکل دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہوگا، جبکہ محفوظ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام ای کامرس کے فروغ اور صارفین کے اعتماد کے لیے ناگزیر ہے۔
جام کمال خان نے میٹا کی جانب سے ایک ہزار پاکستانی ایس ایم ایز کو مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور آن لائن کاروباری مہارتوں کی مفت تربیت فراہم کرنے کے پروگرام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ تجارت میٹا کو چیمبرز آف کامرس، تجارتی تنظیموں اور کاروباری ایسوسی ایشنز سے روابط کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی اور تیزی سے بڑھتی ڈیجیٹل معیشت عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتی ہے۔
ملاقات کے دوران میٹا نے پاکستان کی ای کامرس اور ڈیجیٹل پالیسیوں پر عالمی ماہرین کے ذریعے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی۔ دونوں فریقوں نے مصنوعی ذہانت، ای کامرس، ڈیجیٹل تجارت اور ایس ایم ایز کی استعداد بڑھانے کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ میٹا کا ایس ایم ای ٹریننگ پروگرام اگست سے نومبر تک جاری رہے گا، جس میں خواتین کاروباری افراد اور چھوٹے شہروں کے کاروباروں کو بھی خصوصی طور پر شامل کیا جائے گا۔











