ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کا الیکشن کمیشن پاکستان کا دورہ

2

اسلام آباد، 22جولائی(اے پی پی): ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی ایرانی وفد نے منگل کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کا دورہ کیا،   چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے وفد کا خیرمقدم کیا۔

 وفد میں گورنر جنرل سیستان و بلوچستان، ایرانی وزارت داخلہ، ایرانی وزارت خارجہ، ایرانی وزارت زراعت، ایرانی وزارتِ راہداری و شہری ترقی، نیشنل ایرانی آئل کمپنی اور دیگر اہم سرکاری اداروں کے اعلیٰ حکام، جنوبی ایشیا ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل، نائب وزراء، مشیران اور بین الاقوامی امور کے سینئر حکام شامل تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ، جناب محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ، طلال چوہدری بھی موجود تھے۔

 سیکریٹری الیکشن کمیشن نے وفد کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے آئینی و قانونی ڈھانچے، انتخابی نظام، ذمہ داریوں اور ادارے کی جدید اصلاحات سے آگاہ کیا۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ایران اور پاکستان دو ہمسایہ ممالک  ہیں جو تاریخ ، مذہب اور ثقافت  کی وجہ سے  ایک دوسرے  کے ساتھ منسلک ہیں اور یہ  ملاقات دونوں ممالک کے انتخابی اداروں کے درمیان تجربات کے تبادلے اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا بہترین موقع ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جدید ٹریننگ اکیڈمی  انتخابی انتظام و انصرام اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ ہے۔ انہوں نے ایرانی وفد کو پیشکش کی کہ اگر ایران کو انتخابی عمل، استعدادِ کار میں اضافے اور کسی بھی نوعیت کی پیشہ ورانہ تربیت کی ضرورت ہو تو الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنی ٹریننگ اکیڈمی کے ذریعے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس دورے سے پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور انتخابی اداروں کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے ایرانی وفد کیلئے پاکستان میں خوشگوار قیام  کے لئے  نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری پاکستانی قوم  ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای  کی شہادت کے  غم میں برابر کی شریک ہے۔ ایرانی وزیر داخلہ، جناب اسکندر مومنی نے پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کی جانب سے ایران کی حمایت کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخی، مذہبی اور برادرانہ بنیادوں پر استوار ہیں۔ ا

یرانی وزیر داخلہ نے انتخابی عملے کی تقرری اور انتخابی شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کے بارے میں استفسار کیا، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ انتخابی عملہ الیکشن کمیشن، وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ملازمین اور عدلیہ کے جوڈیشل افسران پر مشتمل ہوتا ہے، جبکہ انتخابات کے انعقاد کے بعد الیکشن پٹیشنز پر فیصلے الیکشن ٹربیونلز قانون کے مطابق کرتے ہیں۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے انتخابی امور، ادارہ جاتی تعاون اور باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔آخر میں ایرانی وزیر داخلہ  نے چیف الیکشن کمشنر  کو ایران  کے دورے کی دعوت  دی جس کو  انہوں نے قبول  کرتے ہوئے ایرانی وزیرداخلہ  کا شکریہ اداکیا۔