ایم جی زی ایس ہائبرڈ پلس کی لانچنگ کی تقریب،ماحول دوست، کم ایندھن استعمال کرنے والی اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ گاڑیاں مستقبل کی ضرورت

2

لاہور، 30 جولائی ( اے پی پی )  : وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے   ایم جی سٹی لاہور  کے زیر اہتمام ایم  جی زی ایس ہائبرڈ پلس کی لانچنگ کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور نئی ہائبرڈ گاڑی کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ جدید ہائبرڈ ٹیکنالوجی کا فروغ پاکستان کے آٹو موبائل شعبے کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول دوست، کم ایندھن استعمال کرنے والی اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ گاڑیاں مستقبل کی ضرورت ہیں جو نہ صرف توانائی کے مؤثر استعمال کو فروغ دیے رہی ہیں  بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کا فروغ اور بین الاقوامی معیار کی مصنوعات کی مقامی سطح پر دستیابی ملکی معیشت کے استحکام اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ آٹو موبائل انڈسٹری میں جدت اور جدید ٹیکنالوجی کا فروغ پاکستان کی صنعتی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے اور حکومت ایسے تمام اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتی رہی ہے جو معیشت، سرمایہ کاری اور صارفین کے لیے فائدہ مند ہیں۔ تقریب کے اختتام پر وزیر خزانہ پنجاب نے MG City Lahore کی کو نئی گاڑی کی کامیاب لانچ  پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اس سے قبل صوبائی وزیر نے ایم جی کی نئی کار میں بیٹھ کر اس کے فنکشنز  کا باقاعدہ معائنہ بھی کیا۔