وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سُتھرا پنجاب اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس، ایجنسیز کے مالی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال

3

 

لاہور، 30 جولائی (اے پی پی): وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سُتھرا پنجاب اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے دوران سُتھرا پنجاب ایجنسیز کے مالی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، ڈی جی سُتھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید، بورڈ کے دیگر ارکان اور تمام ڈویژنل کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب عمر جاوید نے بورڈ کے ارکان کو حاصل کئے گئے اور آئندہ  اہداف پر بریفنگ دی۔ ویسٹ کولیکشن فیس کے اہداف اور سُتھرا پنجاب کی استعدادکار بڑھانے پر غور کرتے ہوئے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سُتھرا پنجاب اتھارٹی کے ریگولیشنز کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں ویسٹ ٹو ویلیو فیز کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ جن علاقوں میں ضرورت ہے وہاں مزید لینڈفل سائٹس بنائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ سے بائیوگیس، نامیاتی کھاد اور دیگر مصنوعات کی تیاری پر کام ہورہا ہے۔ کاربن کریڈٹس کے لئے ورلڈبینک کے ساتھ خط و کتابت ہو رہی ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے گا۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ نجی شعبے کو ویسٹ ٹو ویلیو پروگرام میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے گی۔ بزنس ماڈل کی تیاری اور ماہرین کی سفارشات پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔