بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے ڈی اے ای کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا

2

کوئٹہ، 29 جولائی (اے پی پی):بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئر (ڈی اے ای) سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ضیائ  الحق کاکڑ نے نتائج کا باضابطہ اعلان کیا۔نتائج کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر 2 ہزار 316 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے ایک ہزار 371 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ اس طرح کامیابی کا مجموعی تناسب 59.19 فیصد رہا۔امتحان میں جنرل پوزیشنز حاصل کرنے والوں میں پہلی پوزیشن گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ فار گرلز، کوئٹہ کی طالبہ نوفیہ فیصل نے کمپیوٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی میں 3 ہزار 200 میں سے 2 ہزار 830 نمبر (88.43 فیصد) حاصل کرکے اپنے نام کی۔ دوسری پوزیشن اسی ادارے کی گل ازکا رائے نے فیشن ڈیزائننگ میں 3 ہزار 150 میں سے 2 ہزار 752 نمبر (87.36 فیصد) حاصل کی، جبکہ تیسری پوزیشن بی بی مناہل نے کمپیوٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی میں 3 ہزار 200 میں سے 2 ہزار 789 نمبر (87.15 فیصد) حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔نتائج کے اعلان کے موقع پر بلوچستان بورڈ کے سیکرٹری ضیاء  الرحمٰن خلجی، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایجوکیشن انجینئر عارفہ علی، ایڈیشنل کنٹرولر (ٹیکنیکل) سلیمان شاہ، ڈپٹی کنٹرولر (ٹیکنیکل) محمد آصف، ایڈیشنل سیکرٹری شمس اللہ، ڈیٹا پروسیسنگ مینیجر محمد خالد، ڈپٹی ڈائریکٹر ریسرچ ہارون خان اور کمپیوٹر پروگرامر ایاز نور بھی موجود تھے۔اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ضیاء الحق کاکڑ نے کامیاب امیدواروں، بالخصوص نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے امتحانی عمل کی شفافیت، بروقت نتائج کی تیاری اور معیاری تعلیمی خدمات کی فراہمی میں بورڈ کے افسران اور عملے کی خدمات کو سراہا۔