لاہور،29جولائی ( اے پی پی ): صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت پیسک ہاؤس میں اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں حضرت علی بن عثمان ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے عرس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے عرس کی تین روزہ تقریبات کے انتظامات اور دینی پروگراموں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔عرس کی تین روزہ تقریبات 2 تا 4 اگست تک جاری رہیں گی۔ صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ حضرت علی بن عثمان ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کے عرس کے موقع پر بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ملک اور بیرون ملک سے آنیوالے والے لاکھوں عقیدت مندوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے متعلقہ ادارے مربوط اندازسے کام کریں گے۔ چوہدری شافع حسین نے کہاکہ زائرین کیلئے دینی پروگرامز،دودھ کی سبیل اور معیاری لنگر کا وسیع انتظام ہوگا۔عرس تقریبات میں شرکت کرنے والے زائرین کو پر سکون،محفوظ اور سہولت سے بھرپور ماحول ملے گا۔بزرگ زائرین کیلئے چار مختلف روٹس پر مفت شٹل سروس چلائی جائے گی۔مفت شٹل سروس کی سہولت گڑھی شاہو، بادامی باغ،سمن آباد اور چوبرجی چوک سے جاری رہے گی۔وزیراوقاف پنجاب نے کہاکہ اختتامی دعا میں زیادہ سے لوگوں کی شرکت کیلئے مختلف مقامات پر بڑی سکرینیں نصب کی گئی ہیں۔سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں،ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے مسلسل مانیٹرنگ جاری رہے گی۔صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور نے انتظامات میں مزید بہتری کیلئے ضروری ہدایات بھی دیں۔
ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان اور دیگر متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔











