بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں کو قومی ترقی سے جوڑنے کے لیے ‘‘پیووٹ’’ پروگرام کا آغاز، نیویارک میں پروقار تقریب

4

نیویارک،17 جولائی(اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام نے سمندر پار مقیم پاکستانی نوجوانوں کے علم، تجربے اور صلاحیتوں کو وطنِ عزیز کی ترقی کا دھارا بنانے کے لیے ایک انقلابی پیش رفت کے طور پر ‘‘پیووٹ’’  (PIVOT) پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کے اشتراک سے نیویارک میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران لانچ کیے گئے اس پروگرام کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں پھیلے پاکستانی نوجوان ٹیلنٹ کو تعلیم، ہنرمندی، جدت طرازی اور کاروباری مواقع کے نیٹ ورک کے ذریعے مقامی نوجوانوں کے ساتھ منظم انداز میں مربوط کرنا ہے۔

 اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ  ‘‘پیووٹ’’پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں کے درمیان تعلق کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی نوجوان پاکستان اور مستقبل کے درمیان ایک مضبوط پل ہیں، جن کے علم، تجربے اور عالمی روابط کو ملک کے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے جوڑا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام تعلیم، روزگار، نوجوانوں کی شمولیت اور ماحولیات کے شعبوں میں مختلف اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنا رہا ہے، جبکہ انہیں اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے جوڑنے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد  نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نوجوان قومی ترقی کے دو اہم ستون ہیں۔ انہوں نے ‘‘پیووٹ’’پروگرام کو نوجوانوں کے درمیان رہنمائی، مہارتوں کے تبادلے، کاروباری روابط اور عالمی تجربات سے استفادے کا مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے اس اقدام کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان کا مستقل مشن نوجوانوں کی عالمی سطح پر بامعنی شمولیت کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

تقریب میں امریکہ بھر سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نوجوان پیشہ ور افراد، کاروباری شخصیات، محققین، طلبہ اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی اور ‘‘پیووٹ’’پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان کے نوجوانوں کی رہنمائی، تعاون اور علم کے تبادلے میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے مختلف اقدامات پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔