حادثاتی مجرمان کی اصلاح کا مشن، پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سمر انٹرنشپ پروگرام کے طلبہ و طالبات کا محکمہ داخلہ کا تربیتی دورہ

2

 

لاہور، 28  جولائی ( اے پی پی ):  حادثاتی مجرمان کی اصلاح، بحالی اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے وژن کے تحت محکمہ داخلہ پنجاب کے زیرِ انتظام پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس کا سمر انٹرنشپ پروگرام جاری ہے۔ اسی سلسلے میں پروگرام میں شریک طلبہ و طالبات نے محکمہ داخلہ پنجاب کا تربیتی دورہ کیا اور سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آئی جی پریزن میاں سالک جلال، ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول شاہد اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب جیل اصلاحات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول انٹرنز کے وفد میں 7 جامعات سے تعلق رکھنے والے 30 طلبہ و طالبات شریک تھے۔ جامعات میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، پنجاب یونیورسٹی لاہور، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز، بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی، کنیئرڈ کالج یونیورسٹی اور فارمن کرسچن کالج یونیورسٹی شامل تھے۔ وفد میں شامل طلبہ کا تعلق سائیکالوجی، سوشیالوجی، سوشل ورک، کریمنالوجی، قانون اور جینڈر اسٹڈیز کے مضامین سے تھا۔  سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان نے کہا کہ پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول احتساب اور بحالی کے ذریعے جیلوں پر بوجھ کم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت جیلوں میں اسیران کیلئے “نیا آغاز” پروگرام کا اجراء کیا گیا ہے جس کے تحت رہا ہونے والے مستحق قیدیوں کو 2 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ جیل میں سیکھے گئے ہنر کی بنیاد پر اپنا چھوٹا کاروبار شروع کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنشپ پروگرام مستقبل کے ماہرین کی تیاری کیلئے ادارہ جاتی عزم کا عکاس ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں 70 ہزار اسیران کی اصلاحی تربیت جاری ہے۔ جیلوں میں قائم بیرک لائبریریوں میں ایک لاکھ سے زائد کتابیں فراہم کی جا چکی ہیں جبکہ ہنرمند اسیر پروگرام کے تحت قیدیوں کو 23 مختلف صنعتوں سے متعلق تکنیکی تربیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسیران اور ان کے اہل خانہ کی سہولت کیلئے متعارف کرائی گئی ملاقات ایپ سے اب تک 50 ہزار افراد استفادہ کر چکے ہیں۔ ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول شاہد اقبال نے کہا کہ پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول ڈیپارٹمنٹ اس وقت 40 ہزار پروبیشنرز کی اصلاحی تربیت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی طلبہ کو پنجاب کریمنل جسٹس اینڈ کمیونٹی کریکشنز سسٹم سے متعلق عملی آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ انٹرنز کو حادثاتی مجرمان کی بحالی اور تربیت کا عملی تجربہ فراہم کیا جارہا ہے جبکہ پرتشدد انتہا پسندی کے خاتمے بارے بھی خصوصی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ وفد کو پروونشل انٹیلیجنس سینٹر اور محکمہ داخلہ کے ڈیجیٹل میڈیا اینڈ پبلک آؤٹ ریچ سیل کا بھی دورہ کروایا گیا۔ ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز توصیف صبیح گوندل نے سائبر پٹرولنگ اور آگاہی مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ داخلہ کا سائبر پٹرولنگ سیل محرم سے اب تک 9 ہزار سے زائد قابلِ اعتراض اکاؤنٹس پی ٹی اے کو رپورٹ کرچکا ہے۔ وفد کو محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم، سائبر پٹرولنگ اینڈ کوئیک ایکشن سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ انٹرنز کو عدالتوں، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی، پی آئی ٹی بی، ریسکیو 1122، سنٹرل جیل لاہور اور پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کے مطالعاتی دورے بھی کروائے گئے۔