اسلام آباد، 28 جولائی (اے پی پی): پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ون ڈے سیریز میں شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیریز کا آغاز اچھا تھا لیکن اس کے بعد کی کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی، تاہم ہماری کوشش ہے کہ اس سے مثبت چیزیں سیکھ کر آئندہ فائدہ اٹھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بیٹنگ ٹریک پر ویسی کارکردگی نہیں دکھائی جا سکی جیسی ہونی چاہیے تھی، سینئرز کے ساتھ ساتھ جونیئرز کو ملنے والے مواقع کا فائدہ اٹھانا ہوگا کیونکہ مڈل آرڈر میں نوجوان کھلاڑیوں کی بہترین پرفارمنس ہی ٹیم کی کامیابی کا باعث بنتی ہے۔
کپتان فاطمہ ثنا نے گل فیروزہ، صدف شمس، سدرہ امین اور منیبہ علی کے ساتھ ساتھ ام ہانی اور نشرہ سندھو کی بولنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر کھلاڑی کو اس کے رول کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ “دی ہنڈرڈ” میں پاکستان کی نمائندگی کے حوالے سے وہ پرجوش ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ بہترین پرفارم کرکے دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے بھی راستے ہموار کریں۔ T20 سیریز کے لیے انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو پرعتماد رہ کر اور بنا دباؤ کے کھیل سے لطف اندوز ہونے کا پیغام دیا ہے۔











