حکومت عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، انجینئر امیر مقام

10

سمانی/بھمبر، 19 جولائی ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے  کہا ہے کہ  وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے اور حکومت عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ LA-6 تحصیل سمانی، ضلع بھمبر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری عبدالرزاق کی انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے  ان کا کہنا تھا   کہ عوام کا غیر معمولی جوش و خروش اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ چوہدری عبدالرزاق ریکارڈ برتری سے کامیاب ہوں گے۔

جلسے سے قبل انجینئر امیر مقام کا تاریخی اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ انہیں گھوڑا بگھی پر سوار کر کے ایک شاندار انتخابی ریلی کی قیادت کرائی گئی جبکہ کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور “پاکستان زندہ باد”، “کشمیر زندہ باد”، “پاک فوج زندہ باد” کے نعرے لگائے۔

انجینئر امیر مقام نے اپنے خطاب میں کہا کہ راٹھوعہ ہریام پل کے منصوبے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے 10 ارب روپے فراہم کیے ہیں اور اس پر تعمیراتی کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں دانش اسکولز کے قیام پر بھی کام تیزی سے جاری ہے تاکہ نوجوانوں کو معیاری تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ مقامی عوام کی خواہشات کے مطابق چوہدری عبدالرزاق کو دیا گیا ہے اور وہ عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی ترقی، استحکام اور دفاع کے لیے تاریخی خدمات انجام دی ہیں، جبکہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا سہرا بھی نواز شریف کو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر آباد عوام کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پاک فوج کے جوانوں کے بلند حوصلے پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

انہوں نے شہداء کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ تقریباً آٹھ دہائیوں سے بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف ثابت قدمی سے جدوجہد کر رہے ہیں اور بے شمار قربانیاں دے چکے ہیں۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں دشمن کو مؤثر جواب دیا گیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف 24 جولائی کو میرپور میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تحصیل سمانی سمیت آزادجموں و کشمیر کے عوام کے حقوق، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور تمام فیصلے عوام کی خواہشات اور آئینی تقاضوں کے مطابق کیے جائیں گے۔

اس موقع پر چوہدری عبدالرزاق نے کہا کہ انجینئر امیر مقام کی آمد سے کارکنوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور انتخابی مہم کو نئی قوت ملی ہے۔