حکومت پاکستان ملک کو ہیپاٹائٹس سی سے پاک بنانے کے قومی پروگرام پر بھرپور عزم کے ساتھ عمل درآمد کر رہی ہے،احسن اقبال

5

اسلام آباد، 28جولائی (اے پی پی ):  وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ملک کو ہیپاٹائٹس سی سے پاک بنانے کے قومی پروگرام پر بھرپور عزم کے ساتھ عمل درآمد کر رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ ادارے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں۔

عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کی بروقت تشخیص، مؤثر علاج اور عوامی آگاہی کے ذریعے اس بیماری پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، محفوظ طبی طریقۂ کار اپنانے اور صحت کے شعبے میں مربوط اقدامات سے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ صحت مند افرادی قوت کسی بھی ملک کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار معاشی استحکام کی بنیاد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انسانی وسائل کی بہتری، صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے قومی ترقی کے بنیادی ستون ہیں اور ان کی بہتری کے لیے مؤثر پالیسی سازی، ادارہ جاتی تعاون اور جدید نظام متعارف کرانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبے باہمی تعاون سے عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی اور انسانی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نوجوان اور باصلاحیت افرادی قوت سے مالا مال ملک ہے اور صحت مند، تعلیم یافتہ اور بااختیار انسانی سرمایہ ہی ملک کو ترقی کی نئی منازل تک لے جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت صحت کے شعبے میں اصلاحات، آگاہی اور مؤثر اقدامات کے ذریعے ایک صحت مند اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔