وزیرِ اعظم شہباز شریف سے کویت کے وزیر خارجہ کی ملاقات

2

اسلام آباد،29 جولائی ( اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے کویت کے وزیر خارجہ  شیخ جراح جابر الاحمد الصباح  نے ملاقات کی ہے۔

 ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کویتی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا اور امیرِ کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان مشترکہ اقدار اور باہمی اعتماد پر استوار دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک نے ہر مشکل اور ہر خوشی کے موقع پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کویت کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور جاری تنازع کے دوران کویت اور دیگر برادر خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک دیانت دار اور مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے، اور ان کوششوں کی حمایت پر کویتی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بحری امور اور افرادی قوت کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں کویت کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستانی برادری کی فراخدلانہ میزبانی پر کویتی حکومت کو سراہتے ہوئے کویت کی سماجی و معاشی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے قیمتی کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے وزیراعظم کو کویتی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے کویت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے موجودہ بحران کے حل اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ میں پاکستان، بالخصوص وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ان مشکل حالات میں کویت کے ساتھ یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کی قیادت اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، خصوصاً دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں، مسلسل مشاورت اور قریبی روابط کی اہمیت پر زور دیا اور اتفاق کیا کہ ان امور پر پیش رفت کے لیے مستقبل قریب میں اعلیٰ سطحی وفود کا تبادلہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ایک بار پھر کویت کے ولی عہد کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ کیا۔