ملتان،20 جولائی(اے پی پی ): شیخ الاسلام حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ کے 787ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر ریسکیو 1122 نے زائرین کی جان و مال کے تحفظ اور فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے خصوصی ایمرجنسی کورپلان فراہم کر دیا ہے۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے دربار حضرت بہاؤالدین زکریاؒ اور دربار حضرت شاہ رکن عالمؒ پر خصوصی نفری اور ایمرجنسی سروسز تعینات کر دی گئی ہیں۔ ایونٹ کور کے لیے 6 موٹر بائیک ایمبولینسز، 2 ایمبولینسز اور ایک فائر وہیکل ڈیوٹی پر مامور ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔
زائرین کو بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے لیے دونوں مزارات کے اطراف 4 ریسکیو پوسٹس اور خصوصی ریسکیو کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں ریسکیو اہلکار چوبیس گھنٹے الرٹ رہیں گے۔ریسکیو 1122 کے مطابق ریسکیو کنٹرول روم اور ضلع بھر کے تمام ریسکیو اسٹیشنز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں مکمل طور پر فعال ہیں۔











