لاہور، 11 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے آل پاکستان فرنیچر میکرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت چیئرمین ایسوسی ایشن حاجی محمد افضل نے کی، جبکہ ویتنام کے اعزازی قونصل جنرل رضوان فرید بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات میں فرنیچر کی برآمدات میں اضافے، عالمی معیار کے فرنیچر کالج کے قیام، فرنیچر انڈسٹری کو درپیش مسائل اور گجرات میں 50 ایکڑ اراضی پر فرنیچر سٹی کے قیام کی تجویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس مجوزہ منصوبے میں عالمی معیار کے فرنیچر کالج اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے قیام کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہا کہ فرنیچر انڈسٹری کے فروغ کے لیے فرنیچر سٹی کا منصوبہ ایک مثبت تجویز ہے، جس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ویتنام سالانہ تقریباً 17 ارب ڈالر کا فرنیچر برآمد کرتا ہے، جبکہ پاکستان کی فرنیچر برآمدات صرف 7.8 ملین ڈالر ہیں، اس لیے برآمدات بڑھانے کے لیے ویتنام کے تجربات سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گجرات اور چنیوٹ اپنی معیاری فرنیچر سازی کے باعث عالمی شہرت رکھتے ہیں اور یہاں تیار ہونے والا فرنیچر برطانیہ، امریکہ، کینیڈا اور مشرق وسطیٰ سمیت مختلف ممالک کو برآمد کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے ویتنام کی فرنیچر ایسوسی ایشن کے ساتھ ویڈیو لنک اجلاس بھی منعقد کیا گیا تاکہ مشترکہ تعاون اور برآمدات میں اضافے کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔
چیئرمین آل پاکستان فرنیچر میکرز ایسوسی ایشن حاجی محمد افضل نے بتایا کہ ایسوسی ایشن نے ہنرمند افرادی قوت کی تربیت کے لیے وفاقی ادارے نیوٹیک کے ساتھ معاہدہ کر رکھا ہے، جس کے تحت فرنیچر سازی سے متعلق سات مختلف تربیتی کورسز جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ویتنام کے ساتھ مشترکہ منصوبوں (جوائنٹ وینچرز) کے ذریعے فرنیچر انڈسٹری کی ترقی اور برآمدات میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔
ملاقات میں علی عنصر گھمن، رانا بلال، رضوان، ماجد اقبال، کاظم لقمان اور دیگر نمائندگان بھی شریک تھے۔











