امریکی قونصل خانے کے وفد کا ای پی اے لاہور کا دورہ، پنجاب کے ماحولیاتی اقدامات اور سموگ کنٹرول پلان کا جائزہ

2

لاہور، 11 جولائی (اے پی پی): امریکی قونصل خانے کے وفد نے ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے) لاہور کا دورہ کیا جہاں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا بھی موجود تھے۔ وفد نے ای پی اے کے کنٹرول روم کا دورہ کیا اور جدید ماحولیاتی مانیٹرنگ سسٹم، ایئر کوالٹی مینجمنٹ اور آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔

مریم اورنگزیب نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نومبر 2024 میں لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر تھا، تاہم وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایات پر ای پی اے کو اختیارات، وسائل اور جدید ٹیکنالوجی فراہم کیے جانے کے بعد صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے سپر سیڈر کے استعمال کو فروغ دیا گیا، جہاں دو سال قبل پنجاب میں صرف 250 سپر سیڈر موجود تھے، آج ان کی تعداد 7,500 تک پہنچ چکی ہے جبکہ آئندہ سال تک 15 ہزار سپر سیڈرز فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جن پر حکومت 60 فیصد سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔

سینئر وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ماحولیات، جنگلات اور وائلڈ لائف کے شعبوں کے لیے تاریخی فنڈز مختص کیے ہیں اور پاکستان و خطے کی پہلی کلائمیٹ چینج آبزرویٹری قائم کی جا رہی ہے، جو موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی ڈیٹا کا مرکزی مرکز ہوگی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں صنعتی یونٹس کی 24 گھنٹے نگرانی، ای پی اے افسران کی باڈی کیمز کے ذریعے مانیٹرنگ، اینٹوں کے تمام بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی، تعمیراتی مقامات پر گرد و غبار کے کنٹرول، آن لائن لائسنسنگ، ایمیشن ٹیسٹنگ سسٹم اور پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ذریعے آلودگی پھیلانے والے عناصر کی نگرانی جاری ہے۔ لاہور کے موٹرویز، مالز اور ماڈل بازاروں کو پلاسٹک فری زون قرار دیا جا چکا ہے جبکہ مرحلہ وار صوبے کے تمام کمرشل بازاروں کو بھی پلاسٹک فری بنایا جائے گا۔

وفد نے ایئر کوالٹی مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے لاہور کا لائیو اے کیو آئی (AQI) بھی چیک کیا، جبکہ انہیں بتایا گیا کہ پنجاب اے کیو آئی موبائل ایپ کے ذریعے شہریوں کو فضائی معیار سے متعلق لمحہ بہ لمحہ معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ امریکی وفد نے ای پی اے کے جدید مانیٹرنگ نظام اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔