فریال تالپور کا بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے پروگرام کے کردار کی تعریف

2

اسلام آباد، 6 0جولائی (اے پی پی): صدر پیپلز پارٹی شعبۂ خواتین  فریال تالپور نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری عامر احمد علی نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔ دورے کے دوران  فریال تالپور کو بی آئی ایس پی کے تحت جاری مختلف فلاحی پروگرامز اور حالیہ اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس کے بعد انہوں نے ہیڈکوارٹرز کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مستحق خواتین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے  فریال تالپور نے خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے بی آئی ایس پی کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستحق خاندانوں تک شفاف اور بروقت مالی معاونت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بی آئی ایس پی کی مجموعی کارکردگی اور عملے کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا اور خواتین کی فلاح و بہبود سمیت سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دورے کے اختتام پر عوامی خدمت، مکمل شفافیت اور مستحقین کو باعزت طریقے سے سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔