فوڈ انڈسٹری اور ہاسپیٹالیٹی سیکٹر پاکستان کی ثقافت کے سفیر، سیاحت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، رؤف راجہ

2

اسلام آباد، 10 جولائی (اے پی پی): وزیرِ اعظم کے فوکل پرسن برائے سیاحت و مہمان نوازی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، برین ڈیزائنر پاکستان محمد رؤف راجہ نے کہا ہے کہ فوڈ انڈسٹری اور ہاسپیٹالیٹی سیکٹر پاکستان کی ثقافت کے سفیر اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سیاحت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

 جمعہ کے روز برین ڈیزائنر پاکستان اور پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن  کے اشتراک سے پاکستان انٹرنیشنل فوڈ اینڈ ریسٹورنٹ ایوارڈز کے دوسرے ایڈیشن کے موقع پر اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان کاروباری افراد (ینگ انٹرپرینیورز) اور برانڈ مالکان کی حوصلہ افزائی کے لیے ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد مارکیٹ میں مثبت رجحانات اور جدیدیت کے فروغ  کا باعث بنتا ہے، اسی مقصد کے تحت تقریب میں ان باصلاحیت نوجوانوں اور ہوٹل انڈسٹری کے کچن میں تجربات رکھنے والے ماہرین کی خدمات کا اعتراف کیا گیا جو ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے سامنے پاکستان کی بہترین میزبانی کی نمائندگی کرتے ہیں۔

 رؤف راجہ نے وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کی سیاحت و ہاسپیٹالیٹی کے فروغ کے لیے شب و روز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیئرمین رانا مشہود احمد خان جولائی میں اقوامِ متحدہ (یو این) سمیت دیگر اہم ملاقاتوں کے لیے امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام اور   کے تحت پاکستان کی 65 فیصد نوجوان آبادی کو ہنر مند بنایا جا رہا ہے تاکہ جب یہ افرادی قوت بیرونِ ملک جائے تو پاکستان کے بہترین امیج کے ساتھ ملکی معیشت اور اپنی ذاتی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکے۔