خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، مسائل کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے،سفیر عاصم افتخار

4

نیویارک، 11 جولائی ( اے پی پی): اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد 2231 (2015) کے نفاذ سے متعلق سیکرٹری جنرل کی اکیسویں رپورٹ پر بریفنگ کے موقع پر پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں اور تشدد و عدم استحکام کا سلسلہ فوری ختم ہونا چاہیے۔

سفیر عاصم افتخار نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو علاقائی امن کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے جوہری معاملے سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کا حل صرف سفارت کاری اور مسلسل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

پاکستان نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تمام تصفیہ طلب امور کے سفارتی حل کے لیے ایک قابلِ عمل لائحہ عمل فراہم کرتی ہے۔ اس یادداشت کے تحت کیے گئے وعدوں کی پاسداری خطے کے امن اور مشترکہ خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ ماہرین کی سطح پر مذاکرات اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر ہونے والی پیش رفت کو پاکستان نے حوصلہ افزا قرار دیا۔

سفیر عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی، جنگ بندی اور علاقائی استحکام کے لیے تعمیری سفارتی کوشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حساس مذاکرات کے دوران ایسے بیانات اور اقدامات سے گریز کیا جائے جو غلط فہمیوں کو جنم دیں اور تمام تر توجہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے پر مرکوز ہونی چاہیے۔

پاکستان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ جامع حتمی معاہدے، خطے میں امن و سلامتی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے مقاصد کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔