اسلام آباد، 8 جولائی 2026 (اے پی پی): قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی سے آج ایوانِ صدر میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز سیاسی، سماجی اور عوامی شخصیات نے ملاقات کی جس میں ملکی امور، عوامی فلاح اور قومی ترقی سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کرنے والوں میں رکن صوبائی اسمبلی میاں علمدار قریشی، سابق ارکان صوبائی اسمبلی عثمان بھٹی اور قیصر احمد گجر، نیشنل انشورنس کمپنی کے چئیرمین علی سید، گلوبل مسلم بزنس فورم کے چئیرمین عثمان چوہدری (ملیشیا)، چوہدری عمر نثار، ریوائو پاکستان کے چئیرمین محمد عمران علی، ماہر تعلیم سردار احمد رضا، کرنل (ر) نیئر عباس، ملک منک راں، معظم علی، بیرسٹر مدثر حسین شاہ، حیدر علی، ڈاکٹر عباس نقوی اور ڈاکٹر سیدین نقوی سمیت دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور سماجی صورتحال، عوامی فلاح و بہبود، قومی ترقی، عوام کو درپیش مسائل اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر شرکاء نے قائم مقام صدر مملکت سید یوسف رضا گیلانی کی قومی، سیاسی اور سماجی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملکی ترقی، قومی یکجہتی، جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی بہبود کے لیے ان کے کردار کو سراہا اور ملک کے استحکام و خوشحالی کے لیے اپنی مکمل حمایت اور مشترکہ کاوشوں کے عزم کا اظہار کیا۔ قائم مقام صدر نے ملاقات کرنے والے وفود اور شخصیات کے مسائل اور تجاویز کو غور سے سنا اور متعلقہ امور کے مؤثر اور بروقت حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی پائیدار ترقی، قومی استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لیے قومی یکجہتی، مؤثر طرزِ حکمرانی اور تمام طبقات کی مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔











