لودھراں میں تین روزہ مینگو فیسٹیول 2026 رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ اختتام پذیر

5

لودھراں،27 جولائی(اے پی پی): لودھراں میں تین روزہ مینگو فیسٹیول 2026 انجوائمنٹ اور فیملی انٹرٹینمنٹ ایونٹس کے ساتھ کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ لودھراں میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر محمد اشرف تھے۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی لیاقت علی گیلانی، معروف مینگو گروورز جعفر رضا، سیف الدین سیفی، شوکت رضا اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

فیسٹیول میں جنوبی پنجاب کی پہچان آموں کی مختلف اقسام کی نمائش، دلکش لائٹنگ، فیملی انٹرٹینمنٹ، فوڈ کورٹ، پپٹ و میجک شوز، بچوں کے ملی نغموں کے مقابلے، میوزیکل چیئر، مختلف کھیلوں اور مقامی گلوکاروں و شعراء کی شاندار پرفارمنس نے شہریوں کو خوب محظوظ کیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ لودھراں میں تفریح پر مبنی اس میگا ایونٹ نے نہ صرف شہریوں کو معیاری تفریح فراہم کی بلکہ آموں کے لاجواب ذائقوں کے ساتھ پاکستانیوں کی محبت، خلوص اور مہمان نوازی کے مثبت تاثر کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی بھرپور شرکت زندہ دل لودھراں کی عکاس ہے اور مستقبل میں بھی ایسے عوامی تفریحی پروگرام منعقد کیے جاتے رہیں گے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی نے فیسٹیول کی کامیابی پر شہریوں اور تعاون کرنے والی تمام شخصیات کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے منتظمین، مینگو گروورز اور دیگر نمایاں کردار ادا کرنے والوں میں شیلڈز تقسیم کیں۔