اسلام آباد، 27 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک نے وزیراعظم کی ہدایات پر تشکیل دی گئی نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) سے متعلق امور کا جائزہ لینے اور ان کے آڈٹ کے لیے قائم کمیٹی کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور چیف ایگزیکٹو آفیسر این آئی ٹی بی نے بالخصوص شرکت کی۔
اجلاس کے دوران کمیٹی کو این آئی ٹی بی کے آپریشنز، ادارے کی کارکردگی میں بہتری، استعدادِ کار بڑھانے اور امور کو مؤثر انداز میں منظم کرنے کے لیے جاری کردہ 27 ہدایات پر عملدرآمد کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں ادارے کو مزید فعال بنانے کے لیے مختلف اصلاحاتی اقدامات کا احاطہ کیا گیا۔
کمیٹی پیش رفت کا مزید جائزہ لینے اور آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے اگلے چند روز میں دوبارہ اجلاس منعقد کرے گی۔











