ملتان:گڈ گورننس اور عوامی ریلیف کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک، سیوریج، صفائی، تجاوزات اور گرانفروشی کیخلاف سخت اقدامات کا فیصلہ

3

ملتان، 27جولائی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا ہے کہ گڈ گورننس کے فروغ اور عوامی ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام محکمے اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں۔ انہوں نے سیوریج، صفائی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوامی مسائل میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی محکموں کے کارکردگی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی سہولیات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر واسا، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام مشینری، عملہ اور ہنگامی وسائل ہر وقت فعال رکھے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

انہوں نے “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت صفائی آپریشن کو مزید مؤثر بنانے، زیرو ویسٹ ہدف حاصل کرنے اور شہر بھر میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت جاری کی۔

ڈاکٹر فیصل سلیم نے گرانفروشوں کے خلاف پرائس کنٹرول مہم مزید تیز کرنے اور سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے شہر سے تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے پیرا فورس، ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) اور میونسپل کارپوریشن کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت بھی جاری کی اور تمام سرکاری محکموں کو عوامی شکایات اور مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنانے کا حکم دیا۔