ملتان ، 01 جو لائی (اے پی پی ): ملتان میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا سکلز ڈویلپمنٹ کیمپ جاری ہے، جس میں 31 کھلاڑی شریک ہیں۔ کیمپ کے دوران کوچز اور ٹرینرز کھلاڑیوں کی تکنیکی مہارت، جسمانی فٹنس اور ذہنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
ہیڈ کوچ شاہد انور نے کھلاڑیوں کو دورہ انگلینڈ، اے سی سی انڈر 19 مینز ایشیا کپ اور آئندہ انڈر 19 ورلڈ کپ کے تناظر میں ٹیم کے اہداف اور مستقبل کے وژن پر خصوصی لیکچر دیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ نظم و ضبط، محنت اور مستقل مزاجی کو اپنا شعار بناتے ہوئے پاکستان انڈر 19 ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کے لیے بھرپور کوشش کریں۔
کیمپ اگست کے آخری ہفتے میں اختتام پذیر ہوگا، جبکہ پاکستان انڈر 19 ٹیم ستمبر میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی، جہاں قومی ٹیم ایک چار روزہ اور چار ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم ایشیا کی دفاعی چیمپئن ہے اور اس نے گزشتہ اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔











