ملتان : باردانہ گودام میں آگ بھڑک اٹھی، ریسکیو 1122 نے 15 منٹ میں آگ پر قابو پا لیا

3

ملتان ،22جولائی(اے پی پی): سورج کنڈ روڈ پر واقع حاجی اشرف باردانہ گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر فائٹنگ ٹیمیں اور موٹربائیک ایمبولینس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ریسکیو 1122 کے مطابق اہلکاروں نے موقع پر پہنچتے ہی آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا اور تقریباً 15 منٹ کی بھرپور کارروائی کے بعد آگ کی شدت پر قابو پا لیا، جبکہ احتیاطی طور پر کولنگ اور مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق آگ حاجی اشرف کے تقریباً 10 مرلہ پر مشتمل باردانہ گودام میں لگی تھی۔ ریسکیو ٹیموں کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روک لیا گیا، جس سے قریبی املاک کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا گیا۔

آگ بجھانے کے آپریشن میں ریسکیو 1122 کی چار فائر وہیکلز، ایک موٹربائیک ایمبولینس اور مجموعی طور پر پانچ ایمرجنسی گاڑیوں نے حصہ لیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق کولنگ کا عمل مکمل ہونے تک موقع کی مسلسل نگرانی جاری رہے گی۔