سیالکوٹ: 22 جولائی (اے پی پی): سیالکوٹ میں دوسرے روز بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق کی ہدایت پر واسا نے بارش کے دوران ہی مختلف علاقوں میں نکاسیٔ آب کا آپریشن تیز کر دیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر کے تمام ڈسپوزل اسٹیشن مکمل طور پر فعال رہے جبکہ واسا کا عملہ پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والے کچرے اور دیگر ویسٹ کی مسلسل صفائی میں مصروف رہا تاکہ شہری علاقوں میں پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنائی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے رنگپورہ، شہاب پورہ روڈ اور زہرہ میموریل چوک کا دورہ کیا اور واسا کی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نکاسیٔ آب کا عمل بلا تعطل جاری رکھا جائے اور تمام ٹیمیں مکمل طور پر متحرک رہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دریاؤں، نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر (ڈی ای او سی ) چوبیس گھنٹے فعال ہے اور تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پانی کے جوہڑوں، تالابوں اور برساتی نالوں سے دور رہیں، بجلی کے کھمبوں، ٹوٹے ہوئے تاروں اور دیگر برقی تنصیبات کو ہاتھ لگانے سے گریز کریں اور شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
دریں اثناء منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شہزاد نے ڈپٹی کمشنر کو نکاسیٔ آب آپریشن، ڈسپوزل اسٹیشنز کی فعالیت اور بارش سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے انتظامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔











