ملتان،8 جولائی(اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت “مادرِ علمی سے رابطہ مہم” کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری سکولوں کی بہتری، مسنگ فیسلٹیز کی فراہمی اور مہم کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مہم کے تیسرے مرحلے کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے اجلاس کو بتایا کہ مہم کے پہلے دو مراحل کے دوران ملتان ڈویژن کے سرکاری سکولوں میں سابق طلبہ کے تعاون سے 24 کروڑ روپے مالیت کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ ان سہولیات میں آئی ٹی لیبز، نئے کلاس رومز، لائبریریز، سولر سسٹمز اور دیگر بنیادی تعلیمی سہولیات شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں سے فارغ التحصیل کامیاب اور معاشی طور پر مستحکم افراد کو اپنے مادرِ علمی کی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے ایسے سابق طلبہ کی نشاندہی کرکے ان سے رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ سکولوں کی ضروریات کو ان کے تعاون سے پورا کیا جا سکے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام سکول سربراہان اپنے اداروں کے کامیاب سابق طلبہ کی فہرستیں مرتب کریں، جبکہ ڈپٹی کمشنرز اور دیگر انتظامی افسران رابطہ مہم کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کریں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سابق طلباء کی شمولیت سے سرکاری سکولوں کا تعلیمی ماحول مزید بہتر ہوگا اور مادرِ علمی سے وابستگی کا جذبہ تعلیمی اداروں کی ترقی اور بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔











