ملتان :ممتاز آباد فلائی اوور کی بحالی و تزئین و آرائش مکمل، کمشنر عامر کریم خاں نے منصوبے کا افتتاح کر دیا

1

ملتان ،8 جولائی(اے پی پی): کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ممتاز آباد فلائی اوور کی بحالی، مرمت اور تزئین و آرائش کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سینئر سیاستدان حاجی جاوید اختر انصاری اور طارق رشید بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ طویل عرصے سے مرمت کے منتظر ممتاز آباد فلائی اوور کو جدید تقاضوں کے مطابق خوبصورت، محفوظ اور پائیدار بنایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 34 کروڑ 39 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے سے شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہری انفراسٹرکچر کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ شہر کی خوبصورتی، ٹریفک کی روانی اور عوامی سہولت کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جبکہ عوامی اثاثوں کی حفاظت اور بروقت بحالی گڈ گورننس کا اہم حصہ ہے۔ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے تحت 52 ہزار 800 مربع فٹ اسفالٹک کارپٹنگ، روڈ لین مارکنگ، جدید سٹریٹ لائٹس، حفاظتی گرلز، پی سی سی بلاکس کی پینٹنگ اور دیگر تعمیراتی و تزئینی کام مکمل کیے گئے۔ فلائی اوور پر 49 جدید سٹریٹ لائٹس، 450 کیٹ آئیز کی تنصیب سمیت بیوٹیفکیشن کے مختلف اقدامات بھی کیے گئے ہیں، جس سے نہ صرف ٹریفک کا نظام مزید محفوظ ہوگا بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔