اسلام آباد، 13 جولائی ( اے پی پی): پاکستان چیس فیڈریشن کے صدر ذیشان نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں شطرنج کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، صرف ایک مضبوط پلیٹ فارم مہیا کرنے کی ضرورت ہے اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے ساتھ ہونے والا معاہدہ (LOI) اسی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اس شراکت داری کے تحت گراس روٹ لیول سے ہر دیہات، شہر اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ بچے، جوان اور بزرگ سبھی اس کھیل میں حصہ لے سکیں۔
انہوں نے جاری نیشنل چیس چیمپئن شپ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس ایونٹ میں چاروں صوبوں، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چوٹی کے 250 کھلاڑیوں نے حصہ لیا ہے اور مستقبل میں ایسے ایونٹس سے کھیل میں مزید نکھار آئے گا۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ باقاعدہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے کیا جا رہا ہے، جس کے بعد اسے ہر ضلع تک پھیلایا جائے گا تاکہ پاکستانی پلیئرز قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکیں۔











