مودی کی نااہلی سے بھارت خواتین کے لیے سب سے غیر محفوظ ملک بن گیا

5

اسلام آباد، 16جولائی (اے پی پی): مودی کے غیر مؤثر قانونی نظام کے باعث بھارت میں خواتین کے خلاف جرائم میں ہوشربا اضافہ ہونے لگا ہے۔ بھارت میں خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم پر عالمی میڈیا نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

عالمی جریدہ رائٹرز کے مطابق 2010 کے بعد بھارت میں خواتین کے خلاف جرائم میں دوگنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں روزانہ اوسطاً 80 سے زائد خواتین کے خلاف جرائم کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں 2024 کے دوران خواتین سے زیادتی کے 29,536 مقدمات درج ہوئے۔

رائٹرز کے مطابق بھارتی معاشرے میں پولیس اور عدلیہ کی بے حسی اور ذات پات کے نظام نے بھارتی خواتین کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔

بھارتی سماجی کارکن رنجنا کماری کا کہنا تھا کہ بھارت میں جرم کے بعد انصاف میں تاخیر اور سزا سے بچ نکلنے کے باعث مجرموں میں قانون کا خوف ختم ہو چکا ہے۔

بھارتی وکیل کرونا نونڈی کے مطابق بھارتی حکومت نے مسئلے کی جڑ یعنی خواتین کے خلاف نفرت ختم کرنے کے لیے کبھی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔