نیشنل شطرنج چیمپئن شپ: پہلے 3 راؤنڈز کے بعد 21 کھلاڑیوں کی کلین سویپ، ٹائٹل کی دوڑ دلچسپ مرحلے میں داخل

4

اسلام آباد،11  جولائی ( اے پی پی): نشنل شطرنج چیمپئن شپ 2026 کے پہلے تین راؤنڈز کے اختتام پر ٹائٹل کی دوڑ انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ تین راؤنڈز کے بعد 21 کھلاڑیوں نے اپنے تمام میچز جیت کر 3 میں سے 3 پوائنٹس حاصل کیے ہیں، جس کے باعث مقابلہ نہایت سخت اور سنسنی خیز ہو گیا ہے۔

ٹائی بریک کی بنیاد پر ایف ایم محمد وقار پہلی پوزیشن پر موجود ہیں، جبکہ کامران خان دوسرے اور عبدالرزاق تیسرے نمبر پر ہیں۔ چوتھی پوزیشن پر محمد بابر بٹ جبکہ اے جی ایم اسد جاوید پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔چونکہ سرفہرست تمام کھلاڑی اب تک ناقابل شکست ہیں، اس لیے آئندہ راؤنڈز میں ان کے درمیان براہِ راست مقابلے مزید دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔ شطرنج کے شائقین کی نظریں اب اگلے راؤنڈز پر مرکوز ہیں، جہاں فیصلہ ہوگا کہ کون اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے قومی چیمپئن بننے کی دوڑ میں سب سے آگے نکلتا ہے۔واضح رہے چیمپئن شپ میں دو سو سے زائد کھلاڑی شریک ہیں جو چاروں صوبوں اور اپنے ڈیپارٹمنٹس کی نمائندگی کررہے ہیں۔