چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا سوات کا دورہ

4

سوات ،11 جولائی ( اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج ضلع سوات کے علاقوں بری کوٹ اور بابوزئی، مینگورہ میں واقع بی آئی ایس پی تحصیل دفاتر کا دورہ کیا ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ ایڈووکیٹ بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق خواتین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو ان کے فوری اور مؤثر حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے خواتین بینیفشریز کو ڈیجیٹل والٹ کے محفوظ اور درست استعمال، امدادی رقم کی مکمل وصولی اور کسی بھی قسم کی غیرقانونی کٹوتی سے بچاؤ کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی۔

چیئرپرسن نے خواتین بینیفشریز کو بتایا کہ ڈیجیٹل والٹ ایکٹیویشن مفت ہے جبکہ رقم نکلوانے کے سروس چارجز 280 روپے مقرر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مستحق خواتین کی امدادی رقم ان کے ڈیجیٹل والٹ میں محفوظ رہتی ہے، اس لیے اسے فوری طور پر نکلوانے کی ضرورت نہیں۔ خواتین اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی وقت متعلقہ بینک کے کسی بھی مجاز ریٹیلر سے اپنی مکمل رقم حاصل کر سکتی ہیں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے اپنی نگرانی میں وہاں موجود خواتین بینیفشریز کو مفت بینظیر سم فراہم کروائیں اور انہیں بینظیر فری سم کی افادیت اور ڈیجیٹل والٹ کے مؤثر استعمال کے حوالے سے عملی رہنمائی بھی فراہم کی۔ انہوں نے بینظیر فری سم کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ یہ عمل مکمل شفافیت، سہولت اور نظم و ضبط کے ساتھ جاری رکھا جائے۔

چیئرپرسن روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کے افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ تمام مستحق خواتین کے ساتھ ہر مرحلے پر عزت و احترام سے پیش آیا جائے اور انہیں بروقت، شفاف اور باوقار خدمات فراہم کی جائیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی خیبرپختونخوا، الف جان آفریدی بھی موجود تھے۔