تہران ، 3 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اپنے ایک روزہ دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے جہاں وہ ایران کے مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای شہید کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔
مہرآباد ہوائی اڈے پر ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی، تہران میں پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی اور پاکستان و ایران کے اعلیٰ سفارتی حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف آخری رسومات میں شرکت کے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے ایرانی قیادت اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کریں گے اور غم کی اس گھڑی میں برادر ایرانی قوم کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، نیر بخاری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر پارلیمنٹیرینز بھی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔











