وزیراعظم  شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجدحسین کی ملاقات

6

اسلام آباد،21 جولائی ( اے پی پی): وزیراعظم  محمد شہباز شریف سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے ملاقات کی ہے ۔

ملاقات میں وزیراعظم نے امجد حسین کو وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

 وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیر اعظم سے گلگت بلتستان کے امور پر تبادلہ خیال  کیا۔

دورانِ ملاقات گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم  شہباز شریف  کا کہنا  تھا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نو منتخب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پر عزم ہے-

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی فلاح و بہبود کے لیے قابل تجدید توانائی، سیاحت، انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے جبکہ  وفاقی حکومت کے منصوبوں میں 100 میگاواٹ کا شمسی توانائی اور دانش سکولوں کے قیام کے منصوبے سر فہرست ہیں۔

وزیراعظم نے  مزید بتایا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی عوام کی سہولت کیلئے گلگت میں پاکستان آسان خدمت سینٹر بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ بھی موجود تھے۔