وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے خانیوال کے ارکانِ اسمبلی کی ملاقات

3

لاہور، 10 جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ضلع خانیوال سے تعلق رکھنے والے ارکانِ صوبائی اسمبلی عامر حیات ہراج، چوہدری ضیاء الرحمن، رانا محمد سلیم، اکبر حیات ہراج، رانا بابر حسین عابد، اسامہ فضل اور اصغر حیات ہراج نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ارکانِ اسمبلی نے اپنے حلقوں کے عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکانِ اسمبلی کی جانب سے اٹھائے گئے عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے تلمبہ، میاں چنوں اور ضلع خانیوال کے دیگر علاقوں تک الیکٹرو بس سروس توسیع دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے خالق آباد۔تلمبہ روڈ ایس ایم لنک پر واقع شکستہ پل کی جلد تعمیر و مرمت کی بھی ہدایت کی۔

اس موقع پر ارکانِ اسمبلی نے ملتان۔وہاڑی روڈ کی تعمیر، ستھرا پنجاب، دھی رانی پروگرام اور ضلع خانیوال میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے عوام کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ خانیوال، جہانیاں اور کبیروالا کے عوام کے لیے الیکٹرو بس سروس کسی احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر کے عوام کو جدید، ماحول دوست سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مرحلہ وار 1,500 الیکٹرو بسیں لائی جا رہی ہیں اور الیکٹرو بس سروس محض ایک ٹرانسپورٹ منصوبہ نہیں بلکہ جدید سفری کلچر کی بنیاد ہے۔