لاہور، 30 جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے کے تمام سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی اور بحالی کی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ستھرا پنجاب، کلینک آن ویلز، فیلڈ ہسپتال، لائیو اسٹاک، زراعت اور دیگر متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں مکمل طور پر متحرک ہیں۔ مریدکے، شیخوپورہ، حکیم پورہ، فیروزوالہ، پٹھان کالونی اور دیگر متاثرہ علاقوں سے شہریوں کو بروقت محفوظ مقامات اور امدادی کیمپوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں کشتیوں اور بوٹس کے ذریعے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور متاثرین کو ان کے ضروری سامان سمیت محفوظ مقامات تک پہنچایا جا رہا ہے۔ امدادی کیمپوں اور متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کے لیے ادویات، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر متاثرین کو صبح، دوپہر اور رات حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق تیار کردہ کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ خشک دودھ اور بسکٹ بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر چیئرمین سی ایم آئی ٹی شعیب مرزا نے سیلاب متاثرین کو کھانے کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ متاثرین نے گھر کی دہلیز پر تین وقت کا کھانا اور دیگر ضروری امدادی سامان ملنے پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔











