وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ملتان میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد تیز، بروقت تکمیل یقینی بنانیکی ہدایت

3

 

ملتان،7جولائی (اے پی پی):  ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر محمد فیصل سلیم کی زیر صدارت ضلعی محکموں کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں اور انفراسٹرکچر منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) محسن نثار سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سلیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ملتان میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو جدید اور بہتر سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے تمام محکمے مربوط انداز میں کام کریں۔انہوں نے بتایا کہ قلعہ کہنہ، برانڈ روڈ اور ملتان ایونیو پر اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ نشتر روڈ اور حسین آگاہی اپ گریڈیشن منصوبوں کو جلد مکمل کر کے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، اعلیٰ معیار اور مؤثر مانیٹرنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ان منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد مل سکیں۔