لاہور 15 جولائی:( اے پی پی ) وزیراعلی پنجاب کے وژن “محفوظ پنجاب” کو عملی جامہ پہناتے ہوئے سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ اسی ضمن میں پنجاب سول ڈیفنس اور ریسکیو کیلئے 500 ملین روپے کی لاگت سے جدید آلات خریدے گئے ہیں جنہیں نمائش اور عملی مظاہرے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں پیش کیا گیا۔
صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے جدید آلات کی نمائش کا معائنہ کیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر بھی انکے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سول ڈیفنس تسنیم علی خان نے سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کیلئے لیے گئے جدید آلات بارے بریفنگ دی۔ جدید آلات میں ایئر لفٹ ڈرون، بم ڈسپوزل روبوٹ، اینٹی ڈرون گن، الیکٹرک سائرن، بم ڈسپوزل سوٹ، بمب بلینکٹ، مائن ڈیٹیکٹر، سنیک کیمرے، آٹومیٹک لوڈنگ سٹریچر، سپائن بورڈ، چپنگ ہیمر، اینگولر گرائینڈر، فائر ہوز، آکسیجن سلنڈر اور آگ بجھانے کے آلات شامل ہیں۔
اس موقع پر جدید ایئر لفٹ ڈرون سے ڈمی کو اٹھانے کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ ایئر لفٹ ڈرون دشوار گزار مقامات پر مصیبت میں پھنسے انسانوں کو ریسکیو کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایئر لفٹ ڈرون بیک وقت 200 کلوگرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تقریب کے دوران سول ڈیفنس میں نئے بھرتی ہونے والے بم ڈسپوزل سکواڈ سے خصوصی ملاقات کی گئی۔ اس موقع پر خریدے گئے جدید سامان کی فراہمی کے حوالے سے پنجاب سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کے مابین میمورینڈم پر دستخط کیے گئے۔
تقریب میں پنجاب سول ڈیفنس نے 85.5 ملین کی لاگت سے خریدے گئے جدید آلات ریسکیو 1122کے حوالے کیے۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان ایک نظریے اور فلسفے کی بنیاد پر قائم ہوا جس سے ہم عشق کرتے ہیں۔ مجھے فخر ہے کہ میں ایک ایسی لیڈر کی قیادت میں کام کرتا ہوں جن کے دل میں عوام کا درد ہے۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب کو اس کی حفاظت کرنی ہے۔ پاک بھارت کشیدگی کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے سول ڈیفنس کی استعداد میں اضافے کا حکم دیا۔ وزیراعظم پاکستان، نائب وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں سے دنیا بھر میں پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ سول ڈیفنس اور ریسکیو سروس شہریوں کے تحفظ اور فلاح کیلئے نہایت اہم ادارے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس اور ریسکیو کو جدید سامان سے لیس کر دیا گیا ہے۔ این آر ٹی سی اور تعاون کرنے والے دیگر اداروں کے مشکور ہیں،بم ڈسپوزل سکواڈ کو جدید آلات اور نئی بھرتیوں سے مضبوط کر رہے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب نے کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے سول ڈیفنس رضاکاروں کے اعزازیہ میں اضافہ کیا۔
خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ اب تک ساڑھے 3 لاکھ سے زائد شہریوں نے بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا لی ہے۔ تمام سول ڈیفنس رضاکاروں کو بیسک لائف سپورٹ تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ حکومتِ پنجاب سول ڈیفنس ریزیلینس کور کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہی ہے، امن اور جنگ کے دنوں میں سول ڈیفنس کی اہمیت یکساں ہے۔ ہر ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس ضلعی انتظامیہ کا ہراول دستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنی صلاحیت کے مطابق سول ڈیفنس میں بطور رضاکار شمولیت اختیار کریں۔
سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ریسکیو کو جدید سامان سے لیس کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر صحت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ریسکیو بروقت کارروائی کرتے ہوئے پنجاب کو اب تک 786 ارب روپے کے نقصانات سے بچا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر 7 ہزار سے زائد ایمرجنسیز پر فوری مدد فراہم کرتے ہیں۔ شرکاء نے شہریوں سے اپیل کی کہ شہری سول ڈیفنس میں بطور رضاکار رجسٹریشن کیلئے آن لائن پورٹل VCD.HOME.GOP.PK استعمال کریں۔ تقریب میں سپیشل سیکرٹری داخلہ زینب خان، سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ڈائریکٹر سول ڈیفنس تسنیم علی خان، ڈپٹی ایم ڈی این آر ٹی سی بریگیڈیئر راجہ محمد اصغر، آر جی ایم سینٹرل بریگیڈیئر زاہد محمود، جی ایم ڈیفنس ڈویژن کرنل ثنا اللہ نے شرکت کی۔











