وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اوورسیز سمر اسکالرز کی ملاقات، ملکی معیشت اور سفارتی کامیابیوں پر گفتگو

3

اسلام آباد، 17 جولائی ( اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد میں “اُڑان اوورسیز پاکستان سمر اسکالرز پروگرام” کے تحت آئے ہوئے اوورسیز طلبہ کے وفد نے ایک اہم ملاقات کی، جس میں انہوں نے ملکی ترقی میں نوجوانوں کے کردار کو کلیدی قرار دیتے ہوئے حکومت کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے اور حالیہ سفارتی کامیابیوں پر تفصیلی گفتگو کی۔

یہ اسکالرز وزارتِ منصوبہ بندی و ترقیات کے تحت پاکستان کو درپیش مختلف مسائل پر تحقیق کے لیے چھ ہفتوں کی انٹرن شپ کر رہے ہیں، جن کے وطن واپس آکر ریسرچ کرنے کے فیصلے کا وزیرِ اعظم نے خیرمقدم کیا۔

ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے اسکالرز کو حکومت کے جامع معاشی اور انتظامی اقدامات پر بریفنگ دی اور ان کے سوالات کے جوابات دیے۔

 انہوں نے بتایا کہ ماضی میں جب ملک ڈیفالٹ کے سنگین دہانے پر پہنچ چکا تھا، تب حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر سخت معاشی اصلاحات نافذ کر کے ملکی معیشت کو استحکام بخشا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی ان جامع اصلاحات کا بنیادی مقصد ایک مضبوط، خود کفیل اور برآمدات پر مبنی معیشت کی بنیاد رکھنا ہے، جس کے لیے ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن، محاصل میں اضافہ، کاروبار میں آسانی، پیداواری صلاحیت میں اضافہ، زرعی شعبے کی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور قابلِ تجدید توانائی کا فروغ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اسی سلسلے میں مؤثر انفورسمنٹ اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ مالی سال کے دوران ایف بی آر نے 800 ارب روپے سے زائد کے اضافی محصولات جمع کیے۔

سفارتی اور تزویراتی امور پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت اور قوم کی بھرپور حمایت سے پاکستان نے مئی 2025 میں بھارت کو شکست دی، جو ہماری تاریخ کا ایک اہم ترین باب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ کو رکوانے میں پاکستان کا ثالثی کردار ملکی سفارتی تاریخ کی ایک عظیم کامیابی ہے، پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کاوشوں کے نتیجے میں ہی “اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی، جو عالمی امن کے لیے ایک انتہائی اہم پیش رفت ہے۔

وزیرِ اعظم نے سمر اسکالرز پر زور دیا کہ وہ اپنی اعلیٰ تعلیم، جدید تحقیق اور بین الاقوامی تجربے کو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لائیں۔ اس موقع پر طلبہ نے بھی مختلف شعبوں میں پالیسی سازی کی بہتری کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیرِ مملکت برائے قومی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیحہ قمر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔