پاکستانی سفارت خانہ نے مصنوعی ذہانت، ویب 3 اور اسٹارٹ اپ اختراعات میں پاکستان۔جاپان تعاون کو فروغ دیا

24

ٹوکیو,16 جولائی ( اے پی پی): ٹوکیو میں پاکستان کے سفارت خانے نے ایشیا ویب 3 الائنس جاپان (AWAJ)

کے تعاون سے پاکستان۔جاپان اسٹارٹ اپ اور اختراعی تقریب کا انعقاد کیا، جس کا مقصد مصنوعی ذہانت (AI)، ویب 3، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور کاروباری جدت  کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا تھا۔

اس تقریب میں دونوں ممالک کی حکومتوں، صنعت، ٹیکنالوجی کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور  مختلف اسٹارٹ اپ  کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے جاپان میں پاکستان کے سفیر  عبد الحمید نے پاکستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعلقات میں ٹیکنالوجی اور اختراع کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

 انہوں نے پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت، ہنر مند ٹیکنالوجی افرادی قوت اور کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے اداروں، کمپنیوں، سرمایہ کاروں اور اسٹارٹ اپ کمیونٹیز کے درمیان مضبوط شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔جاپان کے پارلیمانی نائب وزیر برائے ڈیجیٹل امور، جناب ہیدیتو کاواساکی نے “ڈیجیٹل مستقبل کی تشکیل: AI اور ویب 3 کے دور میں مشترکہ اسٹارٹ اپ تخلیق” کے عنوان سے کلیدی پریزنٹیشن پیش کی۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت، ویب 3، محفوظ سرحد پار ڈیٹا کے بہاؤ اور ڈیجیٹل اختراع سے متعلق پالیسی پیش رفت سمیت جاپان کے ڈیجیٹل تبدیلی کے وژن کا خاکہ پیش کیا۔

انہوں نے جاپان کے جدید ٹیکنالوجی اور اختراعی نظام اور پاکستان کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل صلاحیتوں کو ایک دوسرے کے لیے تکمیلی قرار دیتے ہوئے اسٹارٹ اپس، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور اختراعی اداروں کے درمیان قریبی تعاون کی حوصلہ افزائی کی، اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور اختراع کے ذریعے ایک نئے “ڈیجیٹل سلک روڈ” کی مشترکہ تعمیر کی ضرورت پر زور دیا۔

حکومتِ پاکستان کی وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے سیکریٹری  ضرار ہاشم خان نے وزارت کے “ٹیک ڈیسٹینیشن پاکستان” اقدام کے تحت پریزنٹیشن دیتے ہوئے پاکستان کے ٹیکنالوجی ٹیلنٹ، تیزی سے فروغ پاتے ہوئے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم اور ڈیجیٹل اختراع میں پاکستان۔جاپان تعاون کے مواقع کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی مسابقتی برتری اس کی نوجوان، باصلاحیت اور اعلیٰ تربیت یافتہ ڈیجیٹل افرادی قوت ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی، اختراع اور کاروباری شعبوں میں مزید تعاون کی حوصلہ افزائی کی۔