وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت للہ۔جہلم روڈ ڈوئل کیریج وے منصوبے سے متعلق فالو اپ جائزہ اجلاس

5

اسلام آباد، 3 جولائی (اے پی پی): وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت للہ۔جہلم روڈ ڈوئل کیریج وے منصوبے سے متعلق فالو اپ جائزہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 100 کلومیٹر سے زائد طویل اس اہم شاہراہ کا منصوبہ رواں سال دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔

اجلاس میں گزشتہ ہفتے ہونے والے اجلاس کے فیصلوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء کو للہ۔جہلم دو رویہ شاہراہ کی تعمیر، ریلوے کراسنگز کی توسیع، بجلی کے کھمبوں کی نئی جگہوں پر تنصیب اور یوٹیلٹی انفراسٹرکچر کی منتقلی سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی اشتراک عمل کو مزید مؤثر بنائیں اور تکنیکی رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ تعمیراتی کام بلا تعطل جاری رہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے اور للہ۔جہلم شاہراہ کی بروقت تکمیل سے علاقے کے لاکھوں افراد کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی۔

اجلاس میں وزارت توانائی، وزارت ریلوے، ضلعی انتظامیہ جہلم، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او)، سی اینڈ ڈبلیو، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ طالب مہدی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران پنڈ دادن خان اور ہرن پور میں دو ریلوے کراسنگز کی توسیع اور بجلی کی ہائی وولٹیج تاروں کی منتقلی کے عمل کو حتمی شکل دے دی گئی۔

واضح رہے کہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے گزشتہ ہفتے جہلم میں منعقدہ اجلاس میں للہ۔جہلم روڈ کی تعمیر، جہلم ماڈل بازار، جہلم کی پہلی کوورکنگ اسپیس اینڈ جاب سینٹر اور جہلم ہیریٹیج اینڈ کلچر بورڈ کے قیام کے منصوبوں پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا تھا۔